• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی ویڈیو آڈیو سامنے لانا ن لیگ کا وتیرہ، حکومتی عہدیدار

جعلی ویڈیو آڈیو سامنے لانا ن لیگ کا وتیرہ، حکومتی عہدیدار


لاہور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) حکومتی وزراء و عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جعلی ویڈیو اور آڈیو سامنے لانا مسلم لیگ (ن) کا وتیرہ بن چکا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ رانا شمیم ن لیگ کے عہدیدار تھے، چیف جج لگا کر مرضی کے حلف نامے لیے گئے، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا یہ جتنی مرضی سازش کرلیں این آر او نہیں دینگے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز اداروں کو بے نقاب کرتے خود بے نقاب ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدلیہ کیخلا ف سازشیں بے نقاب ہوگئیں، جعلی آڈیو، ویڈیو بنانا نواز لیگ کا وتیرہ بن چکا ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز کا مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے۔ ایوان کارکنان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ ن لیگ کا واحد مقصد ہے کسی طرح نوازشریف کی سزائیں معاف ہوجائیں، نواز شریف اور مریم کے خلاف مقدمات آخری مراحل میں ہوتے ہیں تو انہیں سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

رانا شمیم ن لیگ کےعہدے دار تھے، فوج اور عدلیہ کیخلاف منظم مہم چلائی گئی، عدلیہ کو ن لیگ اور مریم نواز کے خلاف نوٹس لینا چاہیے، 1990 کے انتخابات کو مسلم لیگ ن نے چرایا، جس پر سپریم کورٹ نے بھی مہر ثبت کی۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف نے جائیدادیں بنائیں جو انٹرنیشنل اسکیم میں سامنے آئیں لیکن رسیدیں مانگیں تو آئیں بائیں شائیں کرتے ہیں، جب بھی نوازشریف اور مریم نواز پر مقدمات آخری مراحل پر پہنچتے ہیں تو اسےسبوتاژ کرنےکی کوشش کی جاتی ہے۔ 

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس ہفتے کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، تیل کی قیمتیں مزید نیچے آنے سے مہنگائی کم ہونا شروع ہوگی اور پاکستان کے معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر ملک میں دو ماہ بعد پہنچتا ہے۔

ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ دیانتدار وزیراعظم کی بدولت پاکستا ن ترقی کر رہا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں پر کام اس لیے ممکن ہوا کیونکہ ہماری حکومت میں کرپشن نہیں ہو رہی۔گزشتہ حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سے آج پاکستان بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ 

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان جھکا نہیں نہ ڈرا ہے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اپوزیشن کے ساتھ کوئی وڑن نہیں یہ جتنی مرضی سازش کرلیں ان کو این آر او نہیں دینگے۔ 

پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےاسد عمر نے کہا اپوزیشن کے پاس کوئی وڑن نہیں ہے دو خاندانوں نے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ آئندہ سال مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔ 

علاوہ ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ مریم نواز اداروں کو بے نقاب کرتے خود بے نقاب ہوگئیں، قدم قدم پر مافیاز موجود ہیں، دو بڑے اینکرز کو حکومت کے خلاف ٹویٹس کیلئے 50 لاکھ روپے کی آفر کی گئی۔ 

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو اپنی آڈیو پر معافی مانگنی چاہیے، مریم کس حیثیت سے ایسے احکامات دے رہی تھیں، مسلم لیگ ن ان کو ریکارڈ کا حصہ بنائے۔

تازہ ترین