• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت میچز میں ثانیہ کسے سپورٹ کرتی ہیں ؟

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز میں اپنی سپورٹ سے متعلق بتادیا۔

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک ہمیشہ سرخیوں میں آگے سے آگے نظر آتے ہیں۔

ان دنوں ثانیہ مرزا اپنے شوہر شعیب ملک اور بیٹے اذہان مرزا ملک کے ہمراہ پاکستان میں موجود ہیں اور اس موقع پر اُنہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے لیے خصوصی انٹرویو ریکارڈ کروایا۔


نجی ٹی وی چینل کے لیے شو کی ریکارڈنگ کے دوران میزبان احسن خان نے ثانیہ مرزا سے پوچھا کہ کوئی بھی صحافی یا کوئی میزبان ان سے سب سے بُرا سوال کیا کر سکتا ہے؟

ثانیہ مرزا نے جواب دیا کہ ’ایک سوال جو مجھ سے ہر وقت پوچھا جاتا ہے، جو بہت بُرا سوال ہے وہ یہ ہے کہ پاک بھارت میچ میں آپ کس کو سپورٹ کرتی ہیں؟‘

شعیب ملک کی اہلیہ نے کہا کہ ’براہِ کرم! مجھ سے یہ سوال نہ کیا کریں کیونکہ میں اس کا جواب نہیں دینا چاہتی۔‘

اسی دوران شعیب ملک نے ثانیہ سے سوال کیا کہ ’جب بھارت اور پاکستان کھیلتا ہے تو آپ کس کو سپورٹ کرتی ہیں؟‘ جس پر ثانیہ نے فوری طور پر اپنے شوہر سے سوال کیا کہ ’بھارت بمقابلہ پاکستان ٹینس میچوں کے دوران آپ کس کو سپورٹ کرتے ہیں؟‘

اہلیہ کے پوچھنے پر شعیب ملک نے کہا کہ ’ظاہر سی بات ہے، میں اپنی اہلیہ کو سپورٹ کرتا ہوں۔‘

شعیب ملک نے مزید کہا کہ ’میں اپنے ملک کو بھی سپورٹ کرتا ہوں۔‘

دوسری جانب ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’میرا بھی یہی جواب ہے، جب میرے شوہر کھیلتے ہیں تو میں اپنے شوہر کو ہی سپورٹ کرتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ ان دنوں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کراچی میں موجود ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید