مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کرکٹ کے بعد سیاست میں بھی میچ فکسنگ کرتے رہے ہیں۔
لاہور میں ترجمان پنجاب حکومت کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان دراصل مریم نواز کے فوبیا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ میں بھی میچ فکسنگ کرتے رہے ہیں اور سیاست میں بھی کرتے ہیں، اپنے ایمپائر کھڑے کرکے میچ کھیلنا ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔
ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان کی سیاسی پیدائش ہی آڈیو، ویڈیو اور آر ٹی ایس کی مرہون منت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے جہاز میں ارکان اسمبلی کو آلو، مٹر کی طرح لاد کر بنی گالہ پہنچایا گیا، عمران خان وزیراعظم کی کرسی تک بیساکھیوں کے سہارے پہنچے۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف 2018 کے الیکشن میں جیل میں نہ ہوتے تو آج عمران خان کسی سڑک پر دھرنا دے کر بیٹھے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جماعت اور ان کا ووٹ بینک پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، این اے 133میں پی ٹی آئی کے ساتھ پیپلز پارٹی کی سیاست بھی ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے۔