پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری نیئر حسین بخاری نے تحریک انصاف پر یوٹرن لینے اور عمران خان پر وعدہ خلافی کا الزام لگادیا۔
نیئر بخاری نے پشاور میں وزیر اطلاعات سندھ اور پارٹی ترجمان فیصل کریم کنڈی و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر پی پی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس خیبرپختونخوا میں منایا جا رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے فیڈریٹنگ یونٹس میں یوم تاسیس منانے کا کہا تھا۔
انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کو یوم تاسیس کے جلسے کی اجازت نہیں دی لیکن پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت مل گئی، قانون سب کے لیے برابر ہے۔
نیئر بخاری نے مزید کہا کہ انتظامیہ سمجھے یہ یوم تاسیس ہے الیکشن مہم نہیں، ہم ہرصورت یوم تاسیس منائیں گے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کسی کی ذاتی ملکیت نہیں کہ اسے استعمال کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ یو ٹرن لیا جبکہ عمران خان وعدہ خلافی کررہے ہیں، خیبرپختونخوا کی تاریخ میں سب سےکامیاب جلسہ کریں گے۔
پی پی جنرل سیکریٹری نے یہ بھی کہا کہ لوگوں سے سندھ میں چھت چھینی جا رہی ہے، ہم پاکستان کی مہنگائی سے متاثر عوام کی آواز بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی اور پیپلز پارٹی کے بغیر پی ڈی ایم کا کوئی وجود نہیں، پی ڈی ایم اب پی ڈی ایم نہیں سیاسی جماعتوں کا مجموعہ ہے۔
نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پی پی نے اپوزیشن اتحاد نہیں چھوڑا، ہماری وجہ سے ہی اپوزیشن ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئی۔