• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیررجسٹرڈ رئیل اسٹیٹ ایجنسی سے جائیداد کا لین دین کرنے پر پابندی عائد

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) ایف بی آر نے منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی قانون کے تحت تمام نجی و سرکاری ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، ہائوسنگ سکیموں یا ہائوسنگ سوسائٹیوں اور بلڈرز ڈویلپرز کے لئے یکم جنوری 2022 سے ایسے کسی رئیل سٹیٹ ایجنٹ کے ساتھ جائیداد کے لین دین، منتقلی کا کاروبارپر پابندی عائد کر دی ہے جو ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ نہ ہوں۔

تمام رئیل اسٹیٹ ایجنٹسپراپرٹی ڈیلرز کے لئے ایف بی آر کے نامزد نان فنانشل بزنس اینڈ پروفیشن (ڈی این ایف بی پی) کے طور پر رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔

ایف بی آر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام رئیل سٹیٹ ایجنٹس جو ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، ہائوسنگ اتھارٹیز، کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیوں، ہائوسنگ سکیموں کے ساتھ رہائشی یا کمرشل جائیداد کا کاروبار کرتے ہیں یا تعمیرات، خرید و فروخت، مالکانہ حقوق کی منتقلی یا عوام کو معلومات کی فراہمی کا کام کرتے ہیں ان کے لئے ایف بی آر کے متعلقہ ڈائریکٹر سے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس کی خلاف ورزی کی صورت میں انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010اور انسداد دہشت گردی رولز 2020کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین