• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومی کرون انتہائی خطرناک، پاکستان کو متاثر کرے گا، عوام ویکسی نیشن کروائیں، اسدعمر

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون انتہائی خطرناک ہے جو پاکستان کو بھی متاثر کرے گا.

یہ جیسے دنیا میں پھیل رہا ہے، پاکستان میں آئے گا، اسے روک نہیں سکتے، عوام وائرس کی نئی قسم سے بچائو کیلئے ویکسینیشن لازمی کروائیں۔نئے وائرس کی ٹیسٹنگ کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور جہاں پر پھیلاؤ کا زیادہ خطرہ ہے وہاں پر ویکسین کی بوسٹر ڈوز کا آغاز کیا جائے گا.

انہوں نےگزشتہ روز این سی او سی میں اجلاس کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم بہت تیزی سے پھیل رہی ہے جو کہ سائوتھ افریقہ کے شہر بوٹسوانا سے نکل کر ہانگ کانگ اور کئی یورپی ممالک تک پہنچ چکی ہے اس ضمن میں ملک میں ٹیسٹنگ کے عمل کو تیز کیا جائے گا

اور جہاں پر اس وائرس کے پھیلاؤ کا زیادہ خطرہ ہے وہاں پر کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویکسی نیشن کے تیز ترین عمل کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی دیکھی گئی ۔مزید برآں تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر ویکسی نیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔

اسد عمر نے مزید بتایا کہ جنوبی افریقہ میں آج سے بارہ دن پہلے تک کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.9 فیصد تھی جو کہ اب 9.77 فیصد تک پہنچ گئی ہے اس ضمن میں کچھ ممالک کے حوالے سے سفری پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں۔

تازہ ترین