• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی 60 روپے سستی ہوچکی، اشیاء ضروریہ کی قیمتیں مسلسل کم ہورہی ہیں، فواد چوہدری


وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں مرغی اور انڈے سستے ہیں، چینی ایک ماہ میں 60 روپے سستی ہوئی ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ اب اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی آرہی ہے، چینی ایک ماہ میں 60 روپے سستی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ٹماٹر، پیاز، چکن، چاول اور ایل پی جی سستا ہوا جبکہ مرغی اور انڈے پاکستان میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سستے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم نے اس سال ریکارڈ چاول پیدا کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدر آباد میں 30 سال حکومت کرنے والے قیمتیں کنٹرول نہیں کرسکے، وزیراعلیٰ سندھ کو قیمتیں کنٹرول کرنی چاہئیں۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کراچی اور حیدرآباد میں پرائس کنٹرول نہیں کر پارہی، جس کے اثرات پاکستان میں پڑرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کے اقدامات سے کھاد کی بوری میں 400 روپے کمی آئی، سندھ حکومت کو کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو فوری ختم کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حیدرآباد میں آٹا سب سے مہنگا ہے، کراچی میں چینی سب سے مہنگی ہے، سندھ میں ان کی کابینہ کی تلاشی نہیں کرسکتے لیکن وہ سب ملوث ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج کورونا کی نئی قسم پر اسد عمر اور فیصل سلطان نے بریفنگ دی، معلوم ہوا ہے کہ اومی کرون ویرینٹ بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اومی کرون ویرینٹ 10 گنا زیادہ رفتار سے پھیل رہا ہے، آج کابینہ نے صوبائی حکومتوں اور عوام کو کہا ہے کہ فوری ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کورونا آئے گا ضرور، ہم پانچویں قسم کو بھی شکست دیں گے۔

تازہ ترین