• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی وزراء کے باہر جانے سے روکنے کے حکم کی وجہ سامنے آگئی


گلاسکو میں وزیر اور مشیر کے جھگڑے کی بازگشت وزیراعظم عمران خان تک پہنچ گئی۔

وزیراعظم عمران  خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے، جس کے ساتھ ہی وزراء پر بیرون ملک جانے پر عائد پابندی کی وجوہات بھی سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس وزیراعظم نے گلاسکو کانفرنس سے متعلق رہنماؤں کے بیانات کا بھی سخت نوٹس لے لیا ہے۔

عمران خان نے کابینہ اجلاس کے دوران کانفرنس میں وزراء سے متعلق بیانات کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ کچھ پارٹی رہنما بغیر بتائے گلاسکو کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے تمام وزراء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 ماہ بہت اہم ہیں، کوئی وزیر بیرون ملک نہ جائے، کوئی بھی وزیر اجازت لیے بغیر بیرون ملک کا دورہ نہیں کرے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزراء کو ہدایت کی کہ آئندہ چند ماہ معاشی معاملات کے لیے بہت اہم ہیں، حکومت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، وزراء اپنی اپنی وزارتوں میں رہیں۔

دوران اجلاس کابینہ نے ملک میں گیس کی قلت پر بھی اظہار خیال کیا۔

اس پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں گیس کی قلت کے پیش نظر ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں، گیس ذخائر کی صورت حال مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے ریاض فتیانہ نے گلاسکو کانفرنس میں وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم اور وفاقی وزیر زرتاج گل کے درمیان جھگڑے کا الزام لگایا تھا۔

پی ٹی آئی نے ریاض فتیانہ کو این جی او کے ذریعے گلاسگو جانے اور وزیروں پر الزام لگانے پر شوکاز نوٹس دے رکھا ہے۔

تازہ ترین