• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی قانون پر کسی کو لسانی سیاست کی اجازت نہیں دینگے، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بلدیاتی قانون کی آڑ میں کسی کو لسانی سیاست کی اجازت نہیں دیں گے،ایم کیو ایم نے کراچی کی مردم شماری پر سودے بازی کی جبکہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ابھی تک لڑرہی ہے۔ کراچی کے عوام نے لسانی سیاست کی جتنی قیمت چکائی ہے اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سنئیر نائب صدر مرزا مقبول، نجمی عالم، سردار خان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔سعیدغنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب کراچی میں ایم کیو ایم یا ان کی دیگر نام نہاد جماعتوں کو کراچی میں لسانی سیاست کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔ بلدیاتی قانون پر ہم نے اسمبلی میں بھی اپوزیشن جماعتوں کی ترامیم پر بات کرنے کا کہا تھا لیکن انہوں نے بائیکاٹ کیا اور آج بھی ہم اس پر بات کرنے کو تیار ہیں سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے دوستوں نے نفرتوں کی باتیں کیں جن کاجواب دیناضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ الطاف حسین سے لاتعلقی کرتے ہیں پراسی طرح زہریلی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب مائیں بیٹوں سے اوربہنیں شوہروں سے محروم ہوئیں تو مصطفی کمال الطاف حسین کے ساتھ تھے۔

تازہ ترین