• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کے ماڈل میں غلطیاں رہ گئی ہیں، سی ای او لاہور قلندرز

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ماڈل میں غلطیاں رہ گئی ہیں، اس کا ماڈل اب اچھا بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اسپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف لاہور کے پروگرام میٹ دی پریس میں لاہور قلندرز کے سی او عاطف رانا اور ڈائریکٹر عاقب جاوید نے شرکت کی۔

اس موقع پر عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل کا پودا نجم سیٹھی نے لگایا لیکن ماڈل میں غلطی رہ گئی، ماڈل سمجھتے سمجھتے نجم سیٹھی اور احسان مانی چلے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے ماڈل کو بہتر کرنے کی کوشش کی ہے لیکن اگر پی ایس ایل کو نمبر ون لیگ بنانا ہے تو مسائل کو حل کرنا ہوگا۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ لیگ کو پہلے مضبوط کرنا چاہیے، پھر دوسری لیگز کو بھی مارکیٹ میں حصہ دار بنانا چاہیے۔

عاقب جاوید کی لاہور قلندر سے وابستگی سے متعلق انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید کا نام اس وقت سے لاہور قلندرز کے ساتھ ہے جب لیگ شروع ہوئی، تب سابق کپتان قومی ٹیم اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ان کا نام تجویز کیا تھا۔

ان کے ہمراہ موجود ٹیم ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے ملاقات ضرور ہوئی ہے، میں کسی کی پالیسیوں کے مطابق نہیں چل سکتا، میں ڈیولپمنٹ کی پالیسی خود بناتا ہوں اور لاہور قلندرز میں مجھے کھل کر کام کرنے دیا ہے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ مصباح الحق سے کوئی مخالفت نہیں، میں نے سسٹم پر بات کی۔

دوسری جانب شاہین آفریدی کو لاہور قلندرز کا کپتان بنانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ فاسٹ بولرز بھی اچھے کپتان ثابت ہو سکتے ہیں۔ 

تازہ ترین