• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی کا رروائی، ملاوٹ پر 200لٹر سے زائد ناقص دودھ تلف

پشاور(جنگ نیوز) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ہری پور کے علاقے سرائے صالح بازار میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف ڈیری شاپس کا معائنہ کیا اور پانی کی ملاوٹ پر 200لٹر سے زائد ناقص دودھ کو تلف کردیا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران ڈیری شاپس اور گاڑیوں سے نمونے لیے گئے اور موقع پر چیک کیے گئے۔ کاروائی میں مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ متعدد دکانوں کو سیل کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان بائی پاس روڈ پر بھی پنجاب سے آنے والی متعدد دودھ ٹینکرز کا معائنہ کیا گیا۔ اور پانی کی ملاوٹ پر 100لیٹر سے زائد ناقص دودھ کو تلف کر دیاگیا۔ کوہاٹ کے علاقہ گمبٹ میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، جس کے دوران متعدد دکانوں سے ممنوعہ چائنہ سالٹ اور چھالیا ضبط کیا گیا، ایک ہوٹل مالک کو ناقص صفائی پر جرمانہ کیا گیا، دیگر کئی بیکری اور ہوٹل مالکان کو حفظان صحت کے حوالے سے ہدایات دی گئی۔ باڑہ بازار میں چیکنگ کے دوران جنرل سٹورز ہوٹلز اور بیکریز کی انسپکشن کی گئی۔ کاروائی کے دوران ایک مچھلی فروش سے 12 کلو گرام خراب اور سڑی ہوئی مچھلی برآمد ہوئی جس کو موقع پر تلف کر کے دکان کو سیل کردیا گیا، اور مالکان پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تازہ ترین