وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک بیان میں اپوزیشن جماعت ن لیگ کے رہنما احسن اقبال اور پی پی کے مصطفیٰ نواز کھوکھر کے اقدام کی تعریف کی ہے۔
ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ احسن اقبال اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے جس انداز میں مولانا فضل الرحمان کے بیان کا جواب دیا وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسن اقبال اور مصطفی نواز کھوکھر کا مولانا فضل الرحمان کا سانحہ پر ردِعمل آیا، ہمارے ہاں ایسی سیاسی لیڈرشپ موجود ہے جسے اس خطرے کا احساس ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پروگریسو ملک ہے، ہمارے ادارے اور جمہوریت مضبوط ہیں، سیاست تب ہوگی جب ہمارے ہاں امن و امان ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں، تمام سیاسی رہنما انتہا پسندی کی حساسیت سے آگاہ ہیں، 22 کروڑ آبادی میں معتدل مزاج کے لوگ پاکستان کے آگے بڑھنے کی امید ہیں۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن قیادت کو ٹیلیفون کر کے سانحے پر افسوس کا اظہار کیا۔