اسلام آباد(ایجنسیاں )وفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ جیسے واقعات ناقابل قبول ہیں‘ نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لیں گےجبکہ سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے کرما نے کہاہے کہ پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر حکومت پاکستان کے اقدامات سے بہت مطمئن ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سیالکوٹ فیکٹری حادثہ میں سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اور پاکستانی عوام پریانتھار کماراکی ہلاکت پر خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پریانتھا کمارا واقعے میں ملوث تمام مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لائینگے۔
پریانتھا کمارا پر تشدد اور اسکی موت میں ملوث کسی بھی شخص سے رعائیت نہیں برتی جائیگی، پریانتھا کمارا کی ہلاکت میں ملوث تمام مجرمان کو حکومت مثالی سزا دلائے گی۔