اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم کا کہنا ہے پاکستان کو بحیرہ جنوبی چین سے متعلق مسائل کو سیاسی رنگ دینے پر بھی تشویش ہے، بحیرہ جنوبی چین کے تنازعات متعلقہ ممالک کے درمیان ہی حل ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے سے باہر کے ممالک بحیرہ جنوبی چین پر متعلقہ فریقین کے اقدامات کا احترام کریں، جنوبی ایشیا میں استحکام عالمی تجارت، عالمی امن وسلامتی کے لیے اہم ہے۔
سمندر کے قانون اور پائیدار ماہی گیری پر یو این پلینری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منیر اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان 2030 ایجنڈا کے حوالے سے بلیو اکانومی شراکت داری کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’بلیو اکانومی‘ کا نظریہ سمندروں کو اقتصادی ترقی کے لیے اہم محرک کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ سمندروں کیلئے قانون کو بہتر بنانا بین الاقوامی امن، سلامتی، باہمی ربط، آزاد تجارت، بلیو اکانومی کیلئےاہم ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ پاکستان بحر ہند کے سیکیورٹی فریم ورک میں بھی اہم اسٹیک ہولڈر ہے، بحر ہند عالمی تجارت کے لیے بڑھتے ہوئے اہم راستے کی نمائندگی کرتا ہے، جنوبی ایشیا میں کسی بھی فوجی تنازع سے اس خطے میں استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے۔