• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی سے توڑنےکیلئے گڈانی لایا گیا جہاز ماحول کیلئے خطرناک قرار

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بلوچستان کے محکمہ ماحولیات نے دبئی سے شپ بریکنگ کیلئے گڈانی آنے والے ایم وی ایٹلانٹک انٹرپرائز نامی جہاز کو خطرناک مواد کی موجودگی کی اطلاع پر لنگر انداز ہونے سے روک دیا۔

بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھاڑی نے شپ بریکنگ یارڈ ایسوسی ایشن کو خط میں کیا بتایا ؟

بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھاڑی ( بی ڈی اے) نے شپ بریکنگ یارڈ ایسوسی ایشن کو لکھے گئے خط میں بتایا ہے کہ بحری جہازمیں خطرناک مواد کی موجودگی کی اطلاع تھی،ہم نے جہاز کو شپ بریکنگ یارڈ گڈانی میں داخلے سے روک دیا ہےجبکہ جہاز کو آج گڈانی میں بیچ ہونا تھا۔

ذرائع کے مطابق خطرناک اور ممنوعہ مواد کے باوجود جہاز ملی بھگت سے پاکستان لایا گیا، مشتبہ جہاز اس وقت پاکستانی سمندری حدود میں لنگر انداز ہے، توڑنے کیلئے گڈانی لایا جانے والا جہاز تیل اورگیس کی تلاش کا سروے شپ ہے۔

اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ ماہ قبل خطرناک مواد سے لدا ایک بحری جہاز گڈانی یارڈ میں بیچ ہوگیا تھا۔

انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمران کاکڑ

دوسری جانب انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی لسبیلہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمران کاکڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ محکمہ ماحولیات برطانیہ کی جانب سے وفاقی محکمہ موسمیاتی تبدیلی کو مراسلہ موصول ہوا ہے جس میں بتایا گیا کہ گڈانی میں لنگر انداز ہونے کیلئے آنے والے بحری جہاز ایم وی ایٹلانٹک انٹرپرائز میں خطرناک مواد کی موجودگی کی اطلاع ہے۔

وفاقی محکمہ موسمیاتی تبدیلی کی اطلاع پر انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے عمران کاکڑ نے بتایا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک جہاز کے لنگر انداز ہونے پر پابندی عائد رہے گی، ایٹلانٹک انٹرپرائز نامی جہاز کو آیان شپ بریکرز کمپنی گڈانی لائی تھی ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی لسبیلہ عمران سعید نے بتایا ہے کہ ہمیں ابھی علم نہیں کہ جہاز میں کیا موجود ہے، جہاز گڈانی کے ساحل سے دور گہرے سمندر میں 10 سے 15 ناٹیکل مائیل پر موجود ہے۔

عمران سعید کا کہنا ہے کہ بحری جہاز جبرالٹر اور بھارت میں فروخت ہونے کے بعد اب پاکستان آیا ہے۔

تازہ ترین