وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جو کچھ کرنا تھا کیا، یہ تاثر غلط ہے کہ صوبائی حکومت بسیں نہیں دے رہی تھی۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران سعید غنی نے کہا کہ گرین لائن میں انفرااسٹرکچر وفاقی حکومت کو بنانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نےکہا کہ انفرااسٹرکچر سے پیسے بچے ہیں، اس سے بسیں خریدیں گے، یہ تاثر غلط ہے کہ سندھ حکومت بسیں نہیں دے رہی تھی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وفاق نے گرین بس کی تکمیل میں بہت زیادہ تاخیر کی، تین سال تک بسیں کھڑی رکھتے تو خراب ہوجاتیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے جو کچھ کرنا تھا کیا، ہم نے پروجیکٹ کے لیے زمین فراہم کی۔
سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت کی مدد کو تسلیم کرنے کے بجائے الزامات لگادیتے ہیں، اورنج لائن کا ٹریک مکمل ہے، تکنیکی چیزیں رکی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کا باقی کام بھی مکمل ہوجائے گا، تکنیکی چیزیں مکمل ہوں گی تو اسے گرین لائن سے کنیکٹ کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت اب بھی اسپتالوں کو 57 ارب روپے گرانٹ دیتی ہے۔