• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کے بغیر ن لیگ الیکشن سوئپ نہیں کرسکتی،محمد زبیر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ مریم نواز کے بغیر ن لیگ الیکشن سوئپ نہیں کرسکتی،چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے کہا کہ آج سسٹم میں زیرو گیس ہے جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، میرا سوال ہے گیس کہاں جارہی ہے، لاپتہ صحافی مدثر نارو کی والدہ راحت محمود نے کہا کہ وزیراعظم نے مدثر نارو کی بازیابی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں میں ان کے بیان کو چیلنج نہیں کرسکتا، شاہد خاقان عباسی اپنے بیان کی وضاحت خود کریں تو زیادہ بہتر ہوگا.

شاہد خاقان عباسی کے پاس شاید ایسی معلومات ہیں جو میرے پاس نہیں ہیں، انتخابات میں بہت وقت باقی ہے ابھی بہت سی چیزیں واضح نہیں ہیں، شہباز شریف کیخلاف بھی دوبارہ کیسز بنائے جارہے ہیں، مجھے سوفیصد یقین ہے مریم نواز کو کیس میں ریلیف ملے گا۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کے بیان کے بعد میری مریم نواز سے کوئی بات نہیں ہوئی،مریم نواز کے بیٹے کی شادی کی تقریبات ہیں اس لیے ان سے بات نہیں کی،شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب خود کو بہترین ایڈمنسٹریٹر ثابت کیا ہے، شہباز شریف کے پروفیشنل ازم اور ڈیلیوری کے حوالے سے انہیں دنیا بھر میں مانا گیا ہے.

شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی ہے، مریم نواز لوگوں کو جمع کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتی ہیں، مریم نواز نے نہتی لڑکی ہونے کے باوجود مزاحمت کی سیاست کی ہے، مریم نواز مزاحمت کی علامت کے طور ر سامنے آئی ہیں، شہباز شریف لیڈ کررہے ہوں تب بھی مریم نواز ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔

محمد زبیر نے کہا کہ ن لیگ سے وزیراعظم کا امیدوار کس کو ہونا چاہئے میں کوئی فیصلہ نہیں دے سکتا، جب وقت آئے گا نواز شریف اور پارلیمانی پارٹی فیصلہ کرے گی، مریم نواز ن لیگ کی الیکشن میں فتح میں پورا حصہ ڈالیں گی، مریم نواز کے بغیر ن لیگ الیکشن سوئپ نہیں کرسکتی، شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیراعظم بہت اچھا کام کیا تھا.

انہوں نے ن لیگ کے لئے بہت سے مثبت چیزیں بھی کیں، لوگ کہتے تھے کہ وزارت عظمیٰ شریف فیملی سے باہر نہیں آسکتی، وزارت عظمیٰ شریف فیملی سے باہر آئی اور شاہد خاقان عباسی کو سپورٹ بھی کیا گیا۔

چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے کہا کہ ٹیلیفون ، سوئی گیس اور بجلی کمپنیوں کے ساتھ صنعتکاروں کے معاہدے سائیکلو اسٹائل ہوتے ہیں وہ پریکٹس میں نہیں ہوتے، پچھلے پچیس سال میں کبھی چار مہینے کیلئے صنعتوں کی گیس بند نہیں کی گئی، آج اگر ہماری فیکٹریاں بند کی جائیں گی تو ہم کیسے سروائیو کرسکیں گے۔

تازہ ترین