• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، ترکی، ملائیشیا جوائنٹ میڈیا، فواد چوہدری کا اہم اعلان


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے جوائنٹ میڈیا کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان، ترکی، ملائیشیا کے درمیان میڈیا میں تعاون پر بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فوکل پرسن بنالیے ہیں، جن کا تعلق تینوں ممالک سے ہوگا، پاکستان، ترکی اور ملائیشیا اپنا جوائنٹ میڈیا بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی او آئی سی اجلاس کے موقع پر مختلف مندوبین سے ملاقاتیں ہوئیں، جن میں افغانستان کی صورتحال بنیادی موضوع رہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکی، ملائیشیا کے درمیان میڈیا روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ ٹیلیوژن قائم کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ میڈیا اشتراک کے لیے فوکل پرسن بنادیے ہیں، جوائنٹ میڈیا نیٹ ورک تشکیل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، ملائیشیا اور دیگر ممالک میں شدت پسندی کے معاملات سے نمٹنے کی ضرورت ہے، او آئی سی پلیٹ فارم کے تحت اسکالرز کا ایسا یونٹ تشکیل دیا جائے جو مذہبی مسائل میں رہنمائی کرسکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رحمت للعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم اتھارٹی کے ذریعے تمام اسکالرز کو ایک جگہ اکٹھا کیا جائے گا، ایسا فورم تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں، جو مذہبی بحثوں میں آنے والے مسائل کو حل کرسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ رحمت للعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم اتھارٹی کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی، او آئی سی کے تحت ایسا ہی یونٹ تشکیل دیا جائے گا۔

تازہ ترین