• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’تارا میرا‘ برص، جوڑوں کے درد اور متعدد طبی مسائل کا علاج

حکیم حافظ مہر محمّد مغیث

تارا میرا ایک جڑی بوٹی ہے، جس کا پودا12سے15انچ لمبا ہوتا ہے اور اسے سارا سال کاشت کیا جاتا ہے۔ تارامیرہ کا ذائقہ ترش، جب کہ مزاج گرم اور خشک ہے۔ اس جڑی بوٹی کے بےشمار فوائد ہیں۔ جیسا کہ عموماً بچّوں کے سَر میں جوئیں ہوجاتی ہیں، تو اس کے لیے سرسوں اور تارا میرا کا تیل 100,100 گرام مِکس کرکے ایک شیشی میں بَھر لیں اور یہ تیل بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح لگا کر دو سےتین گھنٹےبعد بال دھو لیں۔ 

چند ہی دِنوں میں جوؤں سے نجات مل جائے گی۔نیز، اس تیل سے خشکی کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔ اگر کسی کو جوڑوں کی تکلیف ہو ،تو تارامیرا کا تیل 50 گرام، سرنجان اورتِلوں کا تیل 30،30 گرام لےکر ایک بوتل میں مِکس کرکے رکھ لیں، جب بھی درد ہو،تو انگلیوں کی پوروں پر تیل لگا کرمتاثرہ جوڑ پر لگالیں، خاص طور پراُن مریضوں کے لیے، جنہیں موسمِ سرما میں جوڑوں میں شدید در ہوتا ہے، یہ تیل بےحدفائدہ مندہے۔

اس کے علاوہ پاؤں کی موچ کے لیے بھی اس تیل کا استعمال اکسیر ہے۔چوں کہ یہ تیل اینٹی فنگل اور اینٹی آکسیڈنٹ ہے، اس لیے سرطان جیسے موذی مرض میں بھی اس کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔ تاہم، اس کے لیے اپنے معالج سے مشورہ کرلیا جائے، تو بہتر ہوگا کہ سرطان کے تمام مریض ایک جیسی ڈوز استعمال نہیں کرسکتے۔

برص کے علاج کے لیے بھی تارا میرا کا پاؤڈر بہترین نسخہ ہے۔ اس کے لیے تارا میرا کا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ صُبح و شام ایک ماہ تک باقاعدگی سے استعمال کریں، تو بیماری سے نجات مل جاتی ہے۔ ماہ واری کی بے قاعدگی کی صُورت میں تارا میرا باریک پیس کر اور اس میں کالا نمک ملا کر استعمال کریں، تو فائدہ ہوگا۔ خیال رہے، جو افراد بلڈ ڈس آرڈر یا نکسیر پُھوٹنے کے مسئلے سے دوچار ہیں، وہ تارا میرا کے استعمال سے گریز کریں۔

تازہ ترین