سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف اور پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹوئٹر پر مکالمہ ہوا ہے۔
خیبر پختون خوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے اب تک کے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سب سے زیادہ 17 نشستیں حاصل کیں جبکہ مسلم لیگ ن کے حصے میں دو نشستیں آئیں۔
نواز شریف نے ٹوئٹر پر مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شاندار کامیابی پر مولانا فضل الرحمان اور ان کے رفقاء کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سابق وزیراعظم کے ٹوئٹ پر مولانا فضل الرحمان نے بھی نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
فضل الرحمان نے لکھا کہ جمہوریت کی مکمل بحالی، عوام کے ووٹ کے حق کے حصول، سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے اور پاکستان کو دوبارہ ایک بہتر اور پائیدار مستقبل کی راہ پر گامزن کرنے تک ہماری مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔