• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈسٹری کا کونسا اداکار معین اختر کا نواسا ہے؟

لیجنڈری معین اختر کے بارے میں کون نہیں جانتا، لیکن اُن کے حوالے سے یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان کا نواسا انڈسٹری کا ایک کامیاب اداکار ہے۔

معین اختر نوجوان اداکار زوہاب خان کے نانا ہیں، زوہاب خان نے نانا کی 71 ویں سالگرہ پر اُن سے جُڑی خوشگوار یادیں شیئر کی ہیں۔

زوہاب نے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنے چوری چھپے انڈسٹری میں آنے پر نانا کے ردعمل کے حوالے سے چند انکشافات کیے ہیں۔

اداکار نے ایک اسٹوری میں نانا جیسا بننے کی خواہش کا اظہار کیا اور یہ اعتراف بھی کیا کہ نانا کے جیسا بننا تو بہت مشکل ہے۔

انڈسٹری میں آنے کے بعد معین اختر کی جانب  سے ملنے والی نصیحت بھی انہوں نے اپنے مداحوں کو بتائی۔

’اب اس انڈسٹری میں آگئے ہو زوہاب تو نام ایسا بنانا کہ لوگ مرنے کے بعد بھی یاد رکھیں‘

ایک اور اسٹوری میں نانا کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے زوہاب نے لکھا کہ ’مجھے آج بھی یاد ہے جب میں اس فیلڈ میں آیا تھا اور آپ کو معلوم نہیں تھا، آپ کو بعد میں قاضی واجد صاحب نے بتایا تھا اور میرے امی ابو نے آپ سے ڈانٹ بھی کھائی تھی  مگر پھر کچھ وقت بعد ہی آپ چلے گئے۔‘

زوہاب نے لکھا کہ ’سیکھ نہیں پایا زیادہ آپ سے لیکن کچھ باتیں ہیں جو شاید ہمیشہ یاد رہیں گی۔‘

خیال رہے کہ معین اختر کے چاہنے والے آج اُن کی 71 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس حوالے سے ٹوئٹر پر ایک ٹرینڈ بھی گردش کررہا ہے جبکہ سرچ انجن گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل آج معین اختر کے نام کیا ہے۔

 معین اختر 22 اپریل 2011ء کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے، ساتھی فنکاروں کے مطابق پاکستان کی ثقافت کو ڈراموں اور شوز کے ذریعے جس طرح سے معین اختر نے متعارف کروایا دوسرا شاید ہی یہ کام اس خوبی سے کرسکے۔

اسٹیج ڈراموں ’بڈھا گھر پہ ہےاور بکرا قسطوں پر‘ نے معین اختر کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

’ففٹی ففٹی، ہاف پلیٹ، انتظار فرمایے اور آنگن ٹیڑھا‘ میں بھی انہوں نے اپنی بے ساختہ اور جاندار ادکاری کے جوہر دکھائے۔

تازہ ترین