• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور خویندو کور میں معاہدہ

پشاور(خصوصی نامہ نگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاوراور خویندو کور کے درمیان مفاہمت طے پا گئی جس پروائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین اور ڈائریکٹر آپریشنز خویندو کور خالد عثمان نے سینئر حکام کی موجودگی میں دستخط کئے۔ معاہدے کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ، صنعت ودیگر تکنیکی شعبوں میں ملازمتوں اور کاروبار میں حصہ لینے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہےجس کیلئے انجینئرنگ یونیورسٹی پشاورراپنی خدمات خویندو کور کو پیش کرے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت واضح حقیقت ہے کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جیسے تعلیمی شعبوں میں خواتین کی شرح بہت کم ہے لیکن گزشتہ دہائی کے اعدادوشمار کے مقابلے میں اس میں اضافے کا رجحان ہے،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی و دیگر تکنیکی شعبوں میں جہاں طالبات کو ملازمتوں میں مشکلات پیش آرہی ہے وہاں یونیورسٹی طالبات کی بھر پور حوصلہ افزائی کررہی ہے، یو ای ٹی پشاور خواتین کو بااختیار بنانے پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ڈاکٹر نصرو من اللہ، ڈائریکٹر اوریک یو ای ٹی پشاور نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کو خواتین کو بااختیار اور انہیں مساوی حقوق دلانے و دیگر خدمات کے حوالے سے سیمینارز ودیگر تقریبات کے انعقاد کے لئے خویندوکور کو اپنی خدمات فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر خضر اعظم خان، رجسٹرار یو ای ٹی پشاور نےکہا کہ بدقسمتی سے پوری دنیا میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے جس کو روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں خواتین کے حقوق اور مساوات کے بارے میں سکھاتا ہے۔ معاہدے سے طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین