لاڑکانہ، سکھر(بیورو رپورٹس) پیپلز پارٹی کی رہنما اور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی 14ویں برسی آج گڑھی خدا بخش میں منائی جائیگی۔ اس سلسلے میں اتوار کو تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے اور سیکورٹی سمیت تمام امور کو حتمی شکل دیدی گئی۔ برسی میں شرکت کیلئےمختلف شہروں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، قافلوں کے استقبال کیلئے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں، برسی میں شرکت کیلئے رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد اتوار کی شام سے ہی گڑھی خدا بخش پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کیلئے مزار کے احاطے کے وسیع رقبے پر کیمپ بنا دئیے گئے ہیں۔ آج صبح کارکن مزار پر حاضری دینے کے بعد مرکزی جلسے میں شرکت کرینگے۔ جلسے سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے پارٹی صدور، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم قائدین خطاب کرینگے۔ بلاول بھٹو زرداری اپنے خطاب میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم اعلان بھی کریں گے۔شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 14ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھر سے پارٹی کارکنان کے قافلے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹر کی قیادت میں مختلف علاقوں سے گڑھی خدا بخش پہنچیں گے، پہلا بڑا قافلہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ سے روانہ ہوگا، جسکی قیادت صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ، رکن صوبائی اسمبلی سید فرخ شاہ کرینگے۔