گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ بیان حلفی ریکارڈ کراتے وقت اکیلا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جی بی کے سابق چیف جج رانا شمیم نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ بیٹھ کربیان حلفی کی بات انہی سے پوچھیں جو ایسا کہہ رہے ہیں۔
اس سے قبل لندن کے اوتھ کمشنرچارلس گھتری حلف نامے پر دستخط کے وقت جسٹس رانا شمیم کے اکیلے ہونے کی تصدیق کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے اپنا حلف نامہ نوازشریف کے سامنے نوٹرائز کرایا، ثابت ہوگیا کہ شریف فیملی سسیلین مافیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے رانا شمیم توہین عدالت کیس میں 7 جنوری کو تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقررکر دی ہے۔