• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پروفیسر‘‘ نے دیوار پر لکھا پڑھ لیا، حفیظ انٹرنیشنل کرکٹ سے رخصت، فکسرز کے مخالف ڈپارٹمنٹس کے حامی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان’’پروفیسر‘‘ محمد حفیظ نے دیوار پر لکھا پڑھ لیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔ وہ البتہ فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ 41 سالہ عالمی شہرت یافتہ آل رائونڈرپی ایس ایل میں لاہورقلندرز کی ٹیم میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کرتا رہالیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا ۔خواہش تھی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ وننگ ٹیم کا حصہ ہوتا، محنت اور کوشش کی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ پیر کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوںنے کہا کہ 18 سال پہلے خوب صورت سفر شروع کیا اور آج ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کر رہا ہوں۔ اس عرصے میں میرے سارے میچ فیئر ویل رہے، ۔ یادگار لمحہ پاکستان کی طرف سے کھیلنا تھا۔کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان کمیونیکیشن رہنی چاہیے، میں نے پی سی بی کے ساتھ کبھی ناراضی کا اظہار نہیں کیا، ہمیشہ یہ موقف رہا کہ فکسرز کو موقع نہیں ملنا چاہیے۔ کوچنگ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان میں موجود ہیں انہیں پہلے موقع ملنا چاہیے، مجھے میرے ڈیپارٹمنٹ نے بہت سپورٹ کیا، ڈیپارٹمنٹ کرکٹ نے بہت سپر اسٹارز دیے ہیں ، ڈیپارٹمنٹس سے عملی طور پر فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہونا چاہتا تھا لیکن اہلیہ اور چند قریبی لوگوں نے روک دیا، میری اہلیہ تو اب بھی نہیں چاہتیں کہ ریٹائرمنٹ لوں ، تاہم سمجھایا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے ۔ محمد حفیظ نے مختلف اوقات میں تینوں فارمیٹس کے مجموعی طور پر 32 میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بھی کی۔ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔ انھوں نے تین ورلڈ کپ اور چھ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کھیلے۔ ون ڈے بولنگ اور آل راؤنڈر کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن پر رہے۔ انہیںایک سے زائد بار اپنے بولنگ ایکشن کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی درستی کے لیے آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینک لیب کا رخ کرنا پڑا۔ آخری انٹرنیشنل میچ 11 نومبر 2021 کو آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کاسیمی فائنل تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا تھی کہ بھارت کو ورلڈ کپ میں ہرائیں تو ٹیم میں شامل ہوں ۔ حفیظ نے 392 انٹرنیشنل میچز میں 12780 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ کیریئر میں مدد کرنے پر وہ اپنے تمام ساتھی کرکٹرز، کپتانوں، سپورٹ اسٹاف،بورڈاوراہلخانہ کے شکر گزار ہیں۔ 18 سال پاکستان کے سبز رنگ کی کٹ زیب تن کرنے پر خوش قسمت اور فخر محسوس کرتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید