مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم تو کہتے ہیں ہمارا احتساب ٹی وی پر لائیو دکھایا جائے تاکہ قوم کو پتہ چلے کون سچا اور کون جھوٹا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پورا ملک منی بجٹ کا انتظار کر رہا ہے، حکومت کہہ رہی ہے کہ منی بجٹ صرف دو ارب کے ٹیکس لگائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت پوری دنیا میں کم ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں 4 روپے بڑھ گیا، چھ ماہ پہلے بجٹ پیش کیا گیا اس کا جواب دینے کے لیے کوئی نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری کہاں ہے، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس رکھوا دیا گیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایسے واقعات کبھی رونما نہیں ہوئے۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی میں اسپیکر کو پارلیمانی روایات کا پتا ہی نہیں، وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کو بلا کر پوچھ لیں کہ اس حکومت نے کتنے قرضے لیے ہیں۔
نون لیگ کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں جتنے قرضے لیے گئے ہیں ان میں 50 فیصد اضافہ موجودہ حکومت کرچکی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب غیر قانونی طور پر بیٹھے ہوئے ہیں، نہ چیئرمین نیب کو شرم ہے نہ حکومت کو کوئی شرم ہے۔