• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکاؤ نے پاکستان سول ایوی ایشن پر عائد تمام پابندیاں ختم کردیں


پاکستان میں شعبہ ہوا بازی اور ملکی ایئرلائنز کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ ہوا بازی کی بین الاقوامی تنظیم اکاؤ نے پاکستان سول ایوی ایشن پر عائد تمام پابندیاں ختم کردیں، سول ایوی ایشن پر عائد پائلٹس کو لائسنس جاری کرنے کی پابندی بھی ہٹالی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل سی اے اے خاقان مرتضیٰ نے سی اے اے کی کامیابی کو پاکستان کے لئے تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔

2020 میں پی آئی اے طیارہ حادثے اور پھر پائلٹس کے جعلی لائسنسز سے متعلق وفاقی وزیر غلام سرور خان کے بیان نے پاکستانی فضائی صنعت کو جس بحران میں دھکیلا تھا، اللّٰہ اللّٰہ کر کے وہ ختم ہوگیا۔

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن اکاؤ نے بذریعہ خط اپنے تمام سیفٹی اعتراضات واپس لے لئے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیفٹی اقدامات کا آڈٹ مکمل کرنے کے بعد اکاؤ نے اطمینان کا اظہار کردیا۔

اب پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر یورپ، برطانیہ اور امریکا کے لئے پابندیاں جلد ختم ہوجائیں گی۔

ڈپٹی ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار نے جیو نیوز کو بتایا کہ سی اے اے پر پائلٹس کو لائسنس جاری کرنے کی پابندی بھی ہٹالی گئی ہے۔ پاکستانی ایئرلائنز کی پروازیں بحال کرنے کے لئے یورپی یونین اور برطانیہ کی سول ایوی ایشن کو خط لکھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیفٹی اعتراضات ختم ہونے کے بعد پائلٹس کے لائسنسنگ امتحانات فوری منعقد کررہے ہیں۔جس سے پائلٹس کو اندرون اور بیرون ملک ملازمتوں کے حصول میں آسانی ہوگی۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے بتایا کہ پی آئی اے یورپی یونین کا آڈٹ پہلے ہی کلئیر کرچکی ہے اور قومی ایئرلائن برطانیہ اور یورپ کے لئے جلد پروازیں شروع کردے گی۔

قومی خبریں سے مزید