کراچی (پی پی آئی )مقبول گلوکارہ اور نغمہ نگارزیب بنگش نے موسیقی میں اپنے استا د نصیر الدین سامی کو ان کی سالگرہ پر اپنے سو شل میڈیا اکاونٹ پر مبارکباد دیتے ہوئے دل کو چھولینے والا ایک نوٹ تحریرکیا ہے۔گلوکارہ نے اپنی اور استاد کی ایک دلکش تصویر شیئرکرتے ایک صحیح استاد کی تلاش کے لیے اپنے سفر کے بارے میں لکھا،جو ان کی رہنمائی اور ان کے ہنر میں مہارت حاصل کرنے میں ان کی مدد کرسکے۔ زیب نے لکھا کہ "میں بچپن سے ہی کلاسیکی موسیقی کی جانب راغب تھی، لیکن مجھے اپنے پہلے البم اور دوکامیاب گانوں کے ریلیز ہونے تک صحیح استاد نہیں مل سکا، ایسے وقت میں جب صحیح استاد کی تلاش بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہو ا۔گلوکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ لوگوں نے مجھے یہ کہہ کر بھی تسلی دینے کی کوشش کی کہ جب کسی کو خدا کی جانب سے آواز عطاء کی گئی ہو تو سیکھنا ضروری نہیں ہوتا۔ زیب نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "میں ہمیشہ سے ہی یہ بات محسوس کرتی رہی ہوں کہ میری آواز موسیقی کیلئے خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے، اور استاد نصیر الدین سامی جیسے استاد کا ہونا اس تحفے کو مکمل کرتا ہے۔