ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے سانحہ مری کی ذمے داری عوام اور ضلعی انتظامیہ پر ڈال دی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران حسان خاور نے کہا کہ سانحے کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر بھی عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ مری میں عوام کی بھی غلطی ہے، جنہوں نے انتظامیہ کی وارننگ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری پر انکوائری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق شدید برف باری میں گاڑیوں میں ہیٹر چلانے سے لوگوں کی اموات ہوئیں۔
حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے مری کے داخلی پوائنٹ وقت پر سیل کیے یا نہیں تعین کمیٹی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ذمے داران کا تعین اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔