• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوواک جوکووچ کے والد کا ملکہ برطانیہ سے بیٹے کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

نوواک جوکووچ کے والد کا ملکہ برطانیہ سے بیٹے کو تحفط فراہم کرنے کا مطالبہ
 نوواک جوکووچ کے والد کا ملکہ برطانیہ سے بیٹے کو تحفط فراہم کرنے کا مطالبہ 

عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کے والد سرڈجان جوکووی نے ملکہ الزبتھ دوئم سے بیٹے کا ویزا منسوخ کیے جانے کے معاملے میں مداخلت کی درخواست کردی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق، سرڈجان جوکووی نے ملکہ برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اُن کے بیٹے کو آسٹریلیا  سے ویزا منسوخ کرکے آسٹریلیا سے ملک بدر کرنے کے فیصلے کا نوٹس لیں اور انسانی حقوق کو تحفظ فراہم کریں۔

رپورٹ کے مطابق ، سرڈجان نے ملکہ سے آئینی طور پر مداخلت کرنے کی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا دولتِ مشترکہ کا ممبر ملک ہے اور اس مملکت کی سربراہ ملکہ الزبتھ دوئم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوواک جوکووچ کے والد سرڈجان جوکووی نے ملکہ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ دولت مشترکہ کی رہنما ملکہ الزبتھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملےمیں مداخلت کریں اوراُن کے بیٹے کے انسانی حقوق کا تحفظ کریں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اُن کے بیٹےکے خلاف آسٹریلیا میں چلائے جانے والے سیاسی مقدمے کو روکیں‘۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے بدھ کے روز کورونا وائرس کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ بدھ کو سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے میلبورن پہنچے تو ائیرپورٹ حکام نے ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزے کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا۔

نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں سرکاری حراستی ہوٹل میں حراست میں رکھا گیا تھا، اس اقدام کے خلاف جوکووچ کے وکلا نے عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔

نوواک جوکووچ آسٹریلیا ملک بدری کیس جیت گئے ہیں، جس پر اُن کی والدہ کا کہنا ہے کہ ’یہ اُن کے بیٹے کے کیریئر کی سب سے بڑی فتح ہے‘۔

تاہم،  صحافی بین روتھنبرگ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایتھلیٹ کیس جیتنے کے بعد بھی اس معاملے سے نہیں نکلے ہیں اور اُنہیں آگے کسی بھی قسم کے مسائل کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



کھیلوں کی خبریں سے مزید