• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: غیرت کے نام پر وزیرستان سے تعلق رکھنے والا جوڑا قتل

ملیر کراچی میں قتل ہونے والے مر اور خاتون کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں
ملیر کراچی میں قتل ہونے والے مر اور خاتون کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں

کراچی کے علاقے ملیر کے بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں نصیر آباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کر دیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق واقعہ بن قاسم کے علاقے پیپری نصیر آباد میں آج (بدھ کی) صبح سویرے پیش آیا۔

قتل ہونے والے دونوں افراد کا تعلق وزیرستان سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک کی گئی خاتون کی لاش گھر کے اندر جبکہ مرد کی لاش باہر گلی میں پڑی تھی۔

بن قاسم پولیس کے مطابق دونوں کو پستول سے گولی مار کر قتل کیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق شبہ ہے کہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے۔

فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تعداد کے بارے میں بھی معلوم نہیں ہو سکا ہے جو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

قریبی واقع کریانہ اسٹور کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے صبح سویرے چیخ و پکار اور فائرنگ کی آواز سنی۔

ایدھی ترجمان کے مطابق دونوں لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ریسکیو ورکرز نے جناح اسپتال منتقل کر دیں۔

مقتول نوجوان کی شناخت 22 سالہ ولی الرحمٰن اور خاتون کی شناخت زاہدہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولین قریبی عزیز تھے، پولیس کو شبہ ہے کہ مقتولہ کا شوہر مختار واردات میں ملوث ہے۔

ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی تھی جس کے پولیس نے جائے وقوع سے فائر شدہ 4 خول اور 3 راؤنڈ تحویل میں لیے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید