قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پاک بھارت میچ کے دوران بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا ہے۔
انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ویرات کوہلی سے ہونے والی گفتگو کے حوالے سے کہا کہ کوہلی سے جو بات چیت ہوئی وہ ذاتی تھی ۔
محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ کوہلی سے ہونے والی گفتگو اپنے بھائی کو بھی نہیں بتائی، وہ میرے اور ویرات کے درمیان کی گفتگو تھی۔
محمد رضوان نے ویرات کوہلی کی تعریف بھی کی اور انہیں ’ایک اچھا آدمی‘ قرار دیا۔
یاد رہے کہ دونوں کی ملاقات آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ہوئی، جہاں قومی ٹیم نے رضوان اور بابر اعظم کے درمیان 152 رنز کے ابتدائی اسٹینڈ کی بدولت 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
’اس میں کوئی شک نہیں کہ ویرات کوہلی دنیا میں نمبر ایک ہیں۔‘
رضوان نے کہا کہ جب ہم کرکٹ کھیلتے ہیں تو ہم سب ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ ویرات کوہلی دنیا میں نمبر ایک ہیں۔
انہوں نے پاک بھارت میچ میں پیش آنے والے ایک واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ میں جب ہم نے ریویو لیا تو کوہلی نے کہا کہ کیا آپ ہم سب کو 10 اوورز میں آؤٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟