• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹر وے پولیس نے کرنسی و زیورات سے بھرا پرس مالکان کو لوٹا دیا


موٹر وے پولیس نے سڑک سے ملا لیڈیز پرس مالکان تک پہنچا دیا، پرس میں 7 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقد رقم موجود تھی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی ابصار نامی شخص اپنی فیملی کے ہمراہ موٹروے پر اسلام آباد سے پشاور کی جانب سفر کر رہے تھے کہ صوابی کے قریب فون کال کرنے یاسننے کیلئے انہوں نے کار کو روکا، والد کے اترتے ہی بچے بھی گاڑی سے اترنے لگے۔

اس دوران کسی بچے کا پاؤں لگنے سے گاڑی میں موجود لیڈیز پرس سڑک پر جا گرا جس کے بارے میں کسی کو علم نہ ہوا، پرس میں 5 تولہ سونے کے زیورات تقریباً 70 ہزار نقد اور اہم کاغذات موجود تھے، کال سننے کے بعد ابصار نے اپنا سفر جاری رکھا۔

ترجمان موٹروے کے مطابق کچھ دیر بعد دوران پیٹرولنگ انسپکٹر امتیاز احمد اور سب انسپکٹر شیرین تاج وہاں سے گزرے تو ان کی نظر پرس پر پڑی ، اور اسے حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے تلاشی لینے پر پرس میں ایک فون نمبر ملا جس پر رابطہ کرکے مالکان کو تلاش کر لیا گیا ۔

پرس میں موجود لگ بھگ 7لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی ان کے حوالے کر دی گئی ، جس پر انہوں نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔

اس کارروائی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی( موٹروے نارتھ زون ) مظہر الحق کاکا خیل اور سیکٹر کمانڈر ایم ون ذیشان حیدر نے افسران کیلئے شاباش اور انعامات کا اعلان کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ موٹر وے پولیس اسی طرح عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔


قومی خبریں سے مزید