• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منگل سوتر کی روایت برقرار رکھیں،لیکن یاد رکھیں آپ کون ہیں، پریانکا چوپڑا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھارت میں شادی شدہ ہندو خواتین کے روایتی ’منگل سوتر‘ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ایک نئی ویڈیو میں 39 سالہ اداکارہ اس بات پر غور کر رہی ہیں کہ کیا وہ ’منگل سوتر پہننے کا خیال پسند کرتی ہیں یا یہ بہت پدرسری ہے؟‘منگل سوتر ایک دھاگے جیسا ہار ہے جو شادی کے دن دولہا دلہن کے گلے میں باندھتا ہے ۔چوپڑا نے اپنے شوہر نک جونس سے شادی کے بعد پہلی بار اپنا منگل سوتر پہننے کے وقت کو یاد کیا۔بلگری کی برانڈ ایمبیسڈر، پریانکا نے کرییٹیو ڈائریکٹر لوسیا سلویسٹری سے گفتگو کے دوران کہاکہ مجھے یاد ہے جب میں نے پہلی بار اپنا منگل سوترپہنا تھا،کیونکہ ہم اس خیال کے ساتھ بڑے ہوئے ہیں کہ اس کا مطلب کیا ہے۔ یہ میرے لیے صرف ایک بہت خاص لمحہ تھا۔‘انہوں نے مزید کہاکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک ماڈرن خاتون کی حیثیت سے میں اس کے نتائج کو بھی سمجھتی ہوں کہ اس کا کیا مطلب ہے۔ کیا مجھے منگل سوتر پہننے کا خیال پسند ہے یا یہ بہت پدرسری ہے؟‘ انہوں نے یہ کہتے ہوئے بات جاری رکھی کہ وہ ایک ایسی نسل سے تعلق رکھتی ہیں جو درمیان میں ہے۔پریانکا چوپڑا نے مزید کہا کہ روایت برقرار رکھیں لیکن جانیں کہ آپ کون ہیں اور آپ کس کے لیے کھڑے ہیں۔ ’اور ہو سکتا ہے کہ لڑکیوں کی اگلی نسل مختلف طریقے اپنائے۔‘

دل لگی سے مزید