• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: تیزگرد آلود ہوائیں آج شام تک چلنے کا امکان


کراچی میں تیز گرد آلود ہوائیں آج شام تک چلنے کا امکان ہے، ہوائیں چلنے کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوائیں 40 سے45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل سکتی ہیں،اور ہواؤں کےجھکڑ کی رفتار کبھی 50 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کی وجہ سےموسم سرد رہنےکا امکان ہے، شہرمیں اس وقت درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ  ہوا میں نمی کا تناسب 14 فیصد ہے جبکہ شہر میں مطلع ابر آلود نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے طوفانی ہوا کے باعث آج سے شہر کا درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ہونے کی پیش گوئی کردی ہے، 27 جنوری تک شہر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں اب سے کچھ دیر پہلے کراچی کا تیسرا نمبر تھا، پاکستان میں کراچی فضائی آلودگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سے شہر میں شروع ہونے والی تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

کنیز فاطمہ سوسائٹی، گلشن معمار، شیر شاہ اور نارتھ کراچی میں دیواریں گرنے سے 4افراد جاں بحق ہوئے جبکہ لانڈھی میں بجلی کے تار گرنے کے باعث کرنٹ لگنے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے تیز رفتار ہوائیں مسرور بیس پر چلی تھیں، جن کی رفتار 72 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید