• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفانی ہوائیں، کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں 3 کشتیاں الٹ گئیں، ایک ماہی گیر جاں بحق، 8 لاپتہ

گھارو (نامہ نگار)طوفانی ہوائیں،کیٹی بندر کےکھلے سمندر میں 3کشتیاں الٹ گئیں،ایک ماہی گیر جاں بحق، 8لاپتہ، حجامڑو کریک کے قریب وقفے وقفے سے الٹنے والی تینوں کشتیوں پر 44 ماہی گیر سوار تھے، 35 ریسکیو، سرچ آپریشن جاری ہے۔

تفصیلات کےمطابق ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں تیز طوفانی ہوائوں کے باعث مچھلی کے شکار کے لیے جانے والی 3 کشتیاں الٹ گئیں جن میں 44 ماہی گیر سوار تھے جن میں سے 35ماہی گیروں کو ریسکیوکرلیا گیا جبکہ8ماہی گیروں کی تلاش جاری ہے جبکہ ایک ماہی گیر کی نعش نکال کی گئی جس کی شناخت غوث الرحمن کے نام سے ہوئی جو ابراہیم حیدری کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق شکار پر جانے والی کشتی بحرالحسن پر 22 ماہی گیر سوار تھے۔

دوسری کشتی الصدیق میں 16ماہی گیر اور تیسری کشتی پر 6ماہی گیر سوار تھے ،کیٹی بندر کے سمندر میں حجامڑو کریک کے قریب تینوں کشتیاں وقفے وقفے سے الٹ گئیں، اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لیا، کیٹی بندر میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ، تمام طبی مراکز پر عملے کو الرٹ کر دیا گیا۔

پاکستان نیوی کے اہلکار ریسکیو کی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ نیوی حکام نے ریسکیو کے لیے کراچی سے دو ہیلی کاپٹر بھی طلب کر لیے ہیں، تیز ہوائوں اور سمندری طغیانی کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں سخت مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید