پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کے لیے حفاظتی پروٹوکولز جاری کردیے۔
پروٹوکولز کے مطابق پی ایس ایل کے دوران میڈیا باکس میں صرف 25 فیصد صحافیوں کو بٹھایا جائے گا۔
پی سی بی حکام کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کی بنیاد پر میڈیا باکس میں داخلہ محدود کیا ہے۔
حکام کے مطابق مرکزی بلڈنگ کے میڈیا باکسز میں 25 فیصد صحافی ہوں گے جبکہ دیگر صحافیوں کے لیے جاوید میانداد انکلوژر میں میڈیا زون بنایا جارہا ہے۔
پروٹوکولز کے مطابق ایونٹ کے پہلے مرحلے میں شریک تمام افراد کی 4 بار جبکہ 10 فروری سے 27 فروری تک شرکاء کی 7 مرتبہ پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی۔
پروٹوکولز میں کے مطابق کووڈ ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے پر 7 دن کے لیے آئسولیشن میں رکھا جائے گا، ریپڈٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ شخص کو مزید 3 روز کے لیے آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔
ہر ٹیم کو ہوٹل کی علیحدہ منزل پر کمرے دیے گئے، تین روزہ روم آئسولیشن کے دوران صفائی والوں سمیت ہوٹل کے عملے کو کمروں میں داخلے کی اجازت نہیں، ہر ٹیم کے لیے ایک علیحدہ کامن روم ہوگا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق کووڈ پروٹوکول کی خلا ف ورزیوں پر سزا کے طور پر 25 فیصد میچ فیصد جرمانے سے لے کر 5 لاکھ جرمانہ اور لیگ سے بے دخلی کی سزا شامل ہے۔
زون کے باہر سے کسی فرد سے سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنا، ہاتھ ملانا، دوسرے کا سامان استعمال کرنا چھوٹی خلاف ورزی ہوگی، لانڈری نا ہٹانا، بغیر اجازت دوسرے کے آئسولیشن روم میں جانا، فزیو کا ماسک نہ پہننا، ممنوع علاقے میں جانا بھی چھوٹی خلاف ورزی ہے۔
پروٹوکولز کے مطابق اجازت کے بغیر قرنطینہ کے دوران کمرے سے باہر نکلنا، ببل کے باہر سے کوئی بھی چیز وصول کرنا، علامات سے آگاہ نہ کرنا بڑی خلاف ورزی اور ایسا اقدام کرنا جو علامات کو چھپائے یا ٹیسٹ کے نتائج کو تبدیل کر سکتا ہے بڑی خلاف ورزی ہوگی، کسی ایسے شخص سے ملنا جس میں علامات ظاہر ہوں یا جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہو بڑی خلاف ورزی ہوگی۔
پروٹوکولز کے مطابق ہوٹل کے کمرے میں صفائی والے کے سوا کسی اور کو آنے کی دعوت دینا، بڑی خلاف ورزی ہوگی۔
پی ایس ایل شرکا کو منظور شدہ ڈیلیوری سروس کے ذریعے ہوٹل کے باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت ہوگی، ڈیلیوری مخصوص عملے کے ارکان کو موصول ہوگی، جو اسے سینیٹائز کرنے کے بعد ٹیم کی منزل پر پہنچا دیں گے۔
پروٹوکولز کے مطابق شرکاء کھانا کے بعد، 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھونے کے پابند ہوں گے، کھلاڑی گیند پر تھوک کا استعمال نہیں کرسکتے۔
تمام کھلاڑیوں کو صرف اپنے سامان کو استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، ٹاس کے موقع پر اور میچ کے بعد سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنا ہوگا۔
پروٹوکولز کے مطابق کووڈ ٹیسٹ مثبت ہونے والے شرکا سے 48 گھنٹے میں ملاقات کرنے والے تمام افراد کو بھی آئسولیٹ کرکے کوویڈ 19 ٹیسٹ کروائے جائیں گے، اگر آئسولیشن کے دوران کسی شخص کی طبیعت خراب ہوگی تو اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔