• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں PSL میچز کے شائقین گاڑیاں کہاں کہاں پارک کرسکیں گے؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی کراچی میں کوآرڈینیشن کمیٹی نے پی ایس ایل کے تمام میچز کے تماشائیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے حسب سابق مختلف پوائنٹس مختص کیے ہیں جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے ترجمان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کے درج ذیل پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔

گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب حکیم سعید گراؤنڈ کو پارکنگ کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گراؤنڈ صرف وی آئی پی ویزیٹرز کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختص ہوگا۔

اعلامیہ کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی ہے، تماشائیوں کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

شائقین پاکستان بھر میں کسی بھی نامزد ایم اینڈ پی اسٹورز سے میچ کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، تماشائیوں کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ ہمراہ لازمی رکھنا ہوگا، لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں۔

12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیےکورونا ویکسینیشن لازمی ہے، اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے شائقین کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا، اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہے۔

این سی او سی کے منظور کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا، کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکا خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یا لکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

کسی بھی بینر، پوسٹر، پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔

تماشائیوں کو گراؤنڈ، فنکاروں ، کھلاڑیوں اور ساتھی تماشائیوں پر کسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔


قومی خبریں سے مزید