• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

HBL پی ایس ایل پر کورونا کے وار، وسیم اکرم، وہاب، حیدر متاثر، مقابلے پر کرکٹ بورڈ بھی ڈٹ گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے آغاز میں اب چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں اور مسلسل ساتویں سال ملک کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہورہا ہے۔لیکن ٹورنامنٹ میں کھلاڑی بدستور کورونا کا شکار ہورہے ہیں۔ کراچی کنگز کے صدر اور سابق کپتان وسیم اکرم کورونا میں مبتلا ہوگئے ، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وسیم اکرم نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے میڈیا منیجر کا اسلام آباد میں کوویڈ مثبت آیا تھا۔ پی سی بی بھی وبا سے مقابلے کیلئے ڈٹ گیا، حکام کا دعوی ہے کہ کئی پلان تیار ہیں اور ٹورنامنٹ ملتوی نہیں ہوگا اور نہ ٹورنامنٹ ایک سینٹر میں کرانے کی تجویز ہے۔کراچی کے بعد ٹیمیں بقیہ میچ لاہور میں کھیلیں گی۔ وسیم اکرم نے کوویڈ 19 مثبت ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طبیعت بہتر ہے، مکمل پروٹوکولز کا خیال رکھ رہا ہوں ۔ نیک خواہشات کے لئے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ دعائوں میں یاد رکھیں، جلد میدان میں ہوں گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کا عمان میں نجی لیگ میں شرکت سے واپسی پر کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ دو روز قبل اومان سے واپسی پر وسیم اکرم کی طبیعت ناساز تھی اور گلے میں بھی تکلیف تھی ، جس پر کورونا ٹیسٹ کرایا گیا۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے 2 کھلاڑیوں ارشد اقبال اور کامران اکمل کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض بھی کورونا کا شکار ہوگئے جب کہ نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا بھی ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ حیدر علی ابوظبی میں ڈسپلن کی خلاف روزی پر پی ایس ایل کا فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔ دریں اثنا آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ اور جنوبی افریقا کے مرچنٹ ڈی لنگ کراچی پہنچ گئے، دونوں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کریں گے۔ لازمی آئسولیشن اور دو نیگیٹیو رزلٹ کی صورت میں دونوں کھلاڑی 28 جنوری کے بعد سے دستیاب ہوں گے۔ انگلینڈ کے ایلکس ہیلز بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کراچی پہنچیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی جیمز فوکنر، ول اسمڈ، ڈین لارنس ، بین ڈکٹ کراچی پہنچ گئے ہیں، جیمز فوکنر نے آئسولیشن مکمل کرکے پریکٹس میں حصہ لیا۔ لیوک ووڈ جلد ٹیم کو جوائن کرلیں گے، جیسن روئے اور جیمز ونس انگلینڈ ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد پاکستان پہنچیں گے۔ نور احمد انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد پاکستان آئیں گے۔ ادھرکراچی میں ایک تقریب میں گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مکمل پی ایس ایل کھیلنے کا پابند کرے، تقریباً تمام فرنچائز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے، اس فیصلےسے ٹیموں کے کمبی نیشن نہیں بن رہے ، یہی غیر ملکی دیگر لیگز مکمل کھیلتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پی ایس ایل کی شروعات سے ہی شاہد آفریدی کو لینا چاہتے تھے، ان کا الوداعی پی ایس ایل کھیلنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔

اسپورٹس سے مزید