• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی ایل جشن میں ہلاکتیں، رائل چیلنجر کے کئی اہلکار گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جیت کے جشن میں بھگڈر سے ہلاکتوں کے بعد مقامی پولیس نے فرنچائز کے بعض ملازمین کو گرفتار کر لیا۔دو روز قبل کرناٹک کے شہر بنگلور میں 2 مختلف مقامات پر جشن کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد میں آر سی بی کے ہیڈ آف مارکیٹنگ اینڈ ریونیو سمیت ایک انٹرٹینمنٹ نیٹ ورک کے دو اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے کرناٹکا کے وزیر اعلیٰ نے احکامات جاری کیے تھے۔ دوسری جانب کرناٹکا کے وزیر اعلیٰ نے کئی پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ،واقعے کی اعلیٰ سطح تحقیقات بھی کرائی جا رہی ہیں۔ آر سی بی کے آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں چناسوامی اسٹیڈیم کے قریب 2.5 لاکھ سے زیادہ لوگ جیت کا جشن منانے جمع ہوئے تھے۔ بنگلورو سٹی پولیس کے 1,380 اہلکاروں کے ساتھ ساتھ 13 کے ایس آر پی پلاٹون (325 اہلکار) کو بھی تعینات کیا گیا تھا ، کرناٹک حکومت نے ہائی کورٹ کو مطلع کیا کہ بھگدڑ کیس کو کریمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

اسپورٹس سے مزید