کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر)پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے الیکشن کمیشن نے تین کھیلوں کی فیڈریشنز کے انتخا بی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ انتخابات 20 جون کو پی ایس بی کوچنگ سینٹر، فیروزپور روڈ لاہور میں ہوں گے، تاہم تینوں فیڈریشنز کے انتخابات کا وقت الگ الگ مقرر کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق الپائن کلب آف پاکستان کے انتخابات صبح 10 بجے ، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے دوپہر ڈھائی بجے جبکہ پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے انتخابات شام 4 بجے منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام نامزدگی کاغذات، ووٹر لسٹیں اور اعتراضات 12 جون تک اسلام آباد میں واقع پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ہیڈکوارٹر میں جمع کرانا ہوں گے۔نامزدگیوں کی جانچ پڑتال بھی 12 جون کو صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہو گی، جبکہ اسی روز دوپہر 2 بجے عبوری ووٹر لسٹ اور امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ اعتراضات جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 جون صبح 10 بجے مقرر کی گئی ہے اور اسی روز دوپہر 12 بجے اعتراضات پر فیصلے سنائے جائیں گے۔ حتمی ووٹر لسٹ اور امیدواروں کی فہرست 13 جون کو شام 3 بجے جاری کی جائے گی۔