• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ بورڈ سے راہیں جدا کرنیکا فیصلہ، ثقلین مشتاق مستعفی ہوگئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مصباح الحق کے استعفیٰ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی سے کوچنگ کرنے والے سابق ٹیسٹ آف اسپنر ثقلین مشتاق نے پی سی بی سے اپنی راہیں جدا کر نے کا فیصلہ کرتے ہوئے استعفی پی سی بی چیئرمین رمیز راجا کو بھیج دیا ہے۔ پی سی بی اس بارے میں تبصرہ کرنے سے گریز کررہا ہے۔ ثقلین مشتاق ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ تھے،اب ان کی خدمات انٹر نیشنل کرکٹ ڈپارٹمنٹ کے پاس ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتا ق نے ورلڈ کپ سے پہلے بھی استعفیٰ دیا تھا لیکن بورڈ نے منظور نہیں کیا تھا۔ اس وقت مصباح نے استعفیٰ دے دیا اور ان کی تقرری پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوگئی لیکن نئے کوچ کے عہدے کا اشتہار آنے کے بعد ایک بار پھر وہ پی سی بی چھوڑنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ثقلین اپنے خاندانی اور کاروباری مسائل کی وجہ سے استعفی دینا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ رمیز راجا نے بھی ثقلین مشتاق کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ رہ کرانہوں نے نیشنل ازم کا ابھارا۔ ثقلین مشتاق نے لو پروفائل میں رہ کر ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ،بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی سیریز میں پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نئے ہیڈ کوچ کے لئے کسی غیر ملکی کا تقرر کرنا چاہتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید