• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرانسپیرنسی نے دوسری بار گواہی دی حکومت چور ہے، اپوزیشن

ٹرانسپیرنسی نے دوسری بار گواہی دی حکومت چور ہے، اپوزیشن


اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ عالمی ادارے کی رپورٹ چارج شیٹ ہے، ٹرانسپرنسی نے دوسری بار گواہی دی حکومت چور ہے.

کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں،لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کئے،کرپشن انڈیکس میں 16 درجے آگے جانا صادق اور امین کا کمال ، کرپشن کیخلاف بیانیے کی بھی چھٹی ہوگئی۔

شہباز شریف نے کہا ٹرانسپرنسی کی رپورٹ فرد جرم ہے، مصنوعی ایمانداری کا بھانڈا پھوٹ گیا، دوسروں کو چور کہنے والے سب سے بڑے چور ثابت ہو گئے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کے بعد عمران کی حکومت کا کوئی جواز نہیں کرپٹ حکمراں استعفیٰ دیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ فرد جرم اور چارج شیٹ ہے، ملک انکی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

عمران نیازی کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا کہہ رہی ہے وزیر اعظم چور ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے، دکھ ہے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ن کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو کر 117 پر آگئی تھی۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، یوریا، ایل این جی، کورونا سمیت ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا ؟ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔

اگر وزیراعظم اور اسکی ٹیم ایماندار ہو تو اسکااثر نیچے نظر آتا ہے۔ ای آئی یو کا 40 فیصد اور ورلڈ اکنامک فورم کا 5 فیصد پاکستان کے اسکور کو کم کرنا پی ٹی آئی کی کرپشن پر فرد جرم ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہاہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن میں ہوشربا اضافے کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عمران خان کرپشن ختم کرنے کا نعرہ لگاکر اقتدار میں آئے، کرپشن ختم نہیں ہوئی لہٰذا اب وہ گھر جائیں۔ ترجمان نے کہاکہ وزیراعظم کے مشیر احتساب کی چھٹی کے اگلے روز پی ٹی آئی کے کرپشن کیخلاف بیانیے کی بھی چھٹی ہوگئی.

کرپشن رینکنگ میں 16 درجے کا اضافہ پی ٹی آئی کے کرپشن کیخلاف نام نہاد بیانئے پر ایک زور دار طمانچہ ہے۔

مسلم لیگ(ن) کی مر کزی ترجمان مریم اورنگزیب نے عمران خان سے سوال کرتے ہو ئے کہا ہے کہ عمران خان کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر قوم سے خطاب کریں ،قوم کو بتائیں کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی چوری کی وجہ سے پاکستان آج کرپشن بڑھ چکی ہے ،آپکی کرپشن، لوٹ مار کے نتیجے میں آٹا چینی بجلی گیس دوائی سمیت کوئی چیز عوام خریدنے کے قابل نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو دھیلے کی ترقی نہیں دی، ایک نیا منصوبہ نہیں دیا الٹا لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے۔کرپشن کے اس عذاب نے آج قوم سے کھانے پینے کی اشیابھی چھین لیں، قوم کو روٹی کا محتاج کر دیا۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس اس حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے، کرپشن میں پاکستان کا 16 درجے اوپر جانا اس حکومت کے بیانئے کو بے نقاب کرتا ہے۔

شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کرپشن ختم کرنے کی دعویدار حکومت نے 16 ممالک کو کرپشن میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

دوسری طرف مشیر احتساب کا استعفیٰ اس بات کا ثبوت ہے کہ کرپشن بڑھی ہے۔ اس حکومت کی کرپشن سے اب عالمی ادارے پردہ اٹھا رہے ہیں۔ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاہے کہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان کاکرپشن کیخلاف بیانیہ بھی دھوکا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں 16 درجے آگے جانا صادق اور امین کا کمال ہے ،پہلے کے پی میں احتساب کمیشن کو تالا لگایا اور پھر ملک میں کرپشن بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سال کے اقتدار میں کرپشن اور تباہی کے سوا کچھ نہیں کیا ، پشاور بی آر ٹی اور بلین ٹری میگا کرپشن کی کھلی داستان ہے۔

اہم خبریں سے مزید