وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ایک مرتبہ پھر بلاول بھٹو اور مریم نواز کو بچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول اور مریم کا قد نہیں ہے کہ وہ خود کو قومی لیڈر کہیں، بلاول کو چاہیے کہ میئر کراچی کا الیکشن لڑیں۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ بلاول اور مریم کو چاہیے کہ نیچے سے اوپر آنے کا سفر شروع کریں، ان کا انحصار مولانا فضل الرحمان کے مدرسے کے بچوں پر ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے، پوری قوم شہداء کے والدین کے ساتھ کھڑی ہے، کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فوادچوہدری نے کہا کہ ہمیں جب معیشت ملی تو دیوالیہ حالت میں تھی، ہم نے گری ہوئی معیشت کو اپنایا، مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی، آج پاکستان میں 929 بڑی کمپنیاں ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کو سینیٹ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس ایوان میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو نام نہاد اکثریت حاصل تھی وہاں بھی انہیں شکست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، یہ ملک بہت عظیم ہے، اس ملک کی قیادت کیلئے یہ دونوں بہت بھولے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم چین کے دورے پر جارہے ہیں جو بہت اہمیت کا حامل ہوگا، وزیراعظم کا چین کا دورہ ملک کیلئے سود مند ہوگا، اس سال پاکستان کی کامیابیوں کا سفر جاری رہے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کی کوئی پالیسی نہیں ہے، اپوزیشن ایوان میں کچھ کہتی ہے اور باہر کچھ اور، اپوزیشن والے ہم سےکچھ کہتے ہیں اور آپس میں کچھ اور کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین ہمارے ہیں ہی نہیں، ہم اپنے ووٹر کو جوابدہ ہیں، پی ٹی آئی کا ووٹر ہمیں پالیسی ڈکٹیٹ کرے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ راوی ریور روڈ ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں، پورا شہر ہے، شہر بسانے سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہوتا ہے، عدلیہ پالیسی فیصلہ سازی میں تو نہیں آسکتی، جب بھی عدلیہ نے پالیسی فیصلہ سازی میں دخل اندازی کی ہے ملک کو نقصان ہوا، جتنا ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر چلیں گے فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، ہمارا ووٹر ہمیں اجازت نہیں دے گا۔