• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل میں سب سے چھوٹا ٹوٹل کس ٹیم نے بنایا؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون میں کراچی میں کھیلے جانے والے 15میچز میں سے اب تک 6 میچز مکمل ہوچکے ہیں۔

دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے رواں سیزن میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ پشاور زلمی، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح نصیب ہوئی ہے اور کراچی کنگز کو ایونٹ میں اب تک کوئی کامیابی نہیں ملی۔

کہا جاتا ہے کہ کھیل کی دنیا میں کوئی دن ایک سا نہیں ہوتا ہے، کبھی آپ کو کامیابی ملتی ہے تو کبھی شکست کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، کرکٹ کو دنیا بھر میں بہت پسند کیا جاتا ہے، تاریخ بتاتی ہے کہ کرکٹ میں آئے دن نئے نئے ریکارڈز بنتے ہیں۔

پی ایس ایل کی تاریخ کے پانچ چھوٹے ٹوٹل

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اب تک کھیلے گئے ایڈیشن کے میچز پر ایک نظر ڈالی جائے تو اعداد شمار یہ بتاتے ہیں کہ سب سے چھوٹا ٹوٹل بنانے والی ٹیموں میں لاہور قلندرز سرفہرست ہے۔

لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان 12 فروری 2017 کو دبئی میں ہونے والے میچ میں لاہور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 59 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی، یہ اسکور پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے کم ترین اسکور ہے۔

سب سے کم ٹوٹل بنانے والی ٹیموں میں دوسرے نمبر پر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے، گزشتہ سال 16جنوری کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف کوئٹہ 73 رنز تک محدود رہی تھی۔

پی ایس ایل کا تیسرا سب سے کم ٹوٹل بھی لاہور قلندرز نے ہی بنایا تھا، 17 فروری 2019 کو دبئی میں ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے قلندرز کو 78 رنز پر آؤٹ کردیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ کا چوتھا کم ٹوٹل دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ نے بنایا تھا، شارجہ میں یکم مارچ 2017 کو کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد کی ٹیم کو 82 رنز پر آل آؤٹ کردیا تھا۔

اعداد و شمار یہ بھی بتاتے ہیں کہ پی ایس ایل کا پانچواں کم ٹوٹل بنانے کا اعزاز بھی لیگ میں اب تک کوئی ٹائٹل نہیں جیتنے والی لاہور قلندرز کے پاس ہے، جنہوں نے 18 جنوری2021 کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف 89 رنز بنائے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید