• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعصاب کی جنگ ملتان سلطانز نے جیت لی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 رنز سے شکست


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سنسنی خیز مقابلے میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ 

ہدف کے تعاقب میں کبھی ملتان تو کبھی کوئٹہ کے ہاتھوں میں جاتے ہوئے اس میچ میں رضوان الیون نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے آخری اوور میں ٹم ڈیوڈ کے عمدہ کیچ کی بدولت کامیابی سمیٹی۔

سلطانز کے دیے گئے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 168 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

ول اسمیڈ کے جلد آؤٹ ہونے کے باوجود گلیڈی ایٹرز نے احسن علی اور بین ڈکیٹ کے شاندار شراکت نے کوئٹہ کو میچ میں فیورٹ کردیا۔ 

ایسے میں عمران طاہر نے دو گیندوں پر دو آؤٹ کرکے پھر میچ میں سلطانز کی امیدیں بڑھادیں۔ 

بعدازاں افتخار احمد کی دھواں دار اننگز اور جیمز فولکنر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ایک مرتبہ پھر میچ کوئٹہ کے قریب کردیا۔ 

سلطانز نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ان دونوں بیٹرز سے جان چھڑائی تو سہیل تنویر نے چھکا لگا کر پھر کوئٹہ کو جیت کے قریب کیا۔ 

تاہم آخری اوور میں ڈیوڈ ویلی نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم 6 رنز سے کامیابی دلوادی۔ 

ملتان سلطانز کی بیٹنگ:

ملتان سلطانز نے شان مسعود کے شاندار 88 رنز کی بدولت 174 کا مجموعہ بورڈ پر سجایا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ٹم ڈیوڈ 28 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ رائیلی روسو اور صہیب مقصود نے 21، 21 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔ 

گلیڈی ایٹریز کی جانب سے محمد حسنین نے 2 اور جیمز فوکنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

میچ میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے شان مسعود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ ایونٹ میں دونوں ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہیں، ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد ٹاس کے لیے میدان میں اترے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف اپنے بڑے میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے شان مسعود، محمد رضوان، صہیب مقصود، رائیلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلے، عمران خان، شاہنواز ڈہانی، عمران طاہر اور عباس آفریدی میدان میں اترے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ول اسمیڈ، احسن علی، بین ڈنکیٹ، سرفراز احمد، افتخار احم ، محمد نواز، سہیل تنویر، جیمز فوکنر، اشعر قریشی، محمد حسنین، نسیم شاہ کو فائنل الیون میں شامل کیا تھا۔

دونوں ٹیموں نے اب تک 2، 2 میچز کھیلے ہیں، ملتان سلطانز نے اپنے دونوں ہی میچز جیتے ہیں اور وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی تھی جبکہ اس نے دوسرے مقابلے میں کراچی کنگز کو مات دی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید