پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے مخالف ٹیم کے باؤلرز پر چھکے اور چوکوں کی بارش کرنے والے ٹِم ڈیوڈ اپنی دھواں دار بیٹنگ کے بعد سوشل میڈیا پر چھاگئے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ملتان سلطانز کے بلے باز ٹِم ڈیوڈ کے خوب چرچے ہورہے ہیں کیونکہ اُنہوں نے گزشتہ روز ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ساتھی کھلاڑی رائلی روسو کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو 217 کے مجموعے تک پہنچایا۔
سلطانز کے پاس بورڈ پر اتنے رنز نہیں تھے جبکہ ان کے تین بلے باز شان مسعود، محمد رضوان اور صہیب مقصود آؤٹ ہوگئے تھے۔
ایسے میں ٹِم ڈیوڈ اور روسو نے ٹیم کو مایوس نہیں ہونے دیا، ٹم ڈیوڈ نے صرف 29 گیندوں پر 6 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ رائلی روسو نے 35 گیندوں 67 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹِم ڈیوڈ کی شاندار بیٹنگ دیکھنے کے بعد ٹوئٹر پر شائقین کرکٹ نے اُن کے لیے تعریفوں کے پُل باندھ دیے ہیں۔
ایک صارف نے ڈیوڈ کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹِم ڈیوڈ تباہی کا نام ہے۔‘
افضل نامی صارف نے مزاحیہ میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹِم ڈیوڈ نے آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز کو بہت دھویا۔‘
زوہاد نامی صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’بھائی! ایک ٹِم ڈیوڈ کراچی والوں کو بھی دے دو۔‘
ٹوئٹر صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی دیگر میمز پر بھی نظر ڈالیں:
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز کے چھکوں کی بارش کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے بھی چھکے برسائے لیکن سلطانز کے بولرز نے اپنی ٹیم کو 20 رنز سے فتح دلوائی۔