• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھند میں کمی، لاہور و سیالکوٹ ایئر پورٹس پر فلائٹ آپریشن بحال

لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ —فائل فوٹو
لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ —فائل فوٹو

شدید دھند اور موسم کی خرابی کی وجہ سے 12 گھنٹے کی بندش کے بعد لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو موسم ٹھیک ہوتے ہی پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ سیالکوٹ ایئر پورٹ کا فضائی آپریشن بھی بحال ہوگیا ہے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث حدِ نظر 100 میٹر سے بھی کم ہونے کی وجہ سے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ کو گزشتہ شب 11 بجے کے بعد جہازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ رات 11 بجے سے اتوار کی صبح ساڑھے 11 بجے تک لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کوئی جہاز لینڈ نہ کر سکا اور نہ ہی کوئی روانگی ہوئی۔

ایئر پورٹ شیڈول کے مطابق 18 بین الاقوامی پروازیں لاہور ایئر پورٹ پر نہ اتر سکیں جبکہ اتنی ہی پروازیں لاہور سے روانہ نہ ہو سکیں۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق 10 بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرایا گیا، 2 پروازیں کراچی واپس آ گئیں۔

موسم کی شدید خرابی کی وجہ سے مشہد، جدہ، دوحہ، دبئی، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، ریاض، کنمنگ، استنبول، ابوظہبی، ڈھاکا، مسقط، دمام، شارجہ، مدینہ اور دیگر شہروں سے لاہور کے لیے پروازیں متاثر ہوئیں۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق متعدد ایئر لائنز نے اپنے مسافروں کی سہولت کے لیے لاہور انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے اسلام آباد تک بس سروس شروع کی۔

لاہور سے بین الاقوامی مسافروں کو اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچایا گیا جبکہ اسلام آباد ایئر پورٹ سے مسافروں کو ان کے شہروں تک زمینی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔

ایوی یشن ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح 11 بجے موسم میں بہتری آنی شروع ہوئی اور 11 بج کر 34 منٹ پر لاہور سے پی آئی اے کی مدینہ کے لیے پہلی پرواز پی کے 9747 روانہ ہوئی۔

اس کے بعد سوا گھنٹے سے فضا میں چکر کاٹنے والی ابوظہبی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 264 نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔

دھند میں کمی کے باعث سیالکوٹ ایئر پورٹ بھی ساڑھے 11 بجے کے بعد پروازوں کے لیے بحال کر دیا گیا۔

2 گھنٹے سے فضا میں چکر کاٹنے والی پی آئی اے کی پرواز سیالکوٹ اتر گئی، پی آئی اے کی پرواز پی کے 210 صبح سوا 9 بجے شارجہ سے سیالکوٹ پہنچی تھی۔

سیالکوٹ میں شدید دھند کی وجہ سے ایئر بس اے 320 طیارہ فضا میں ہولڈ پر تھا۔

قومی خبریں سے مزید