• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آسٹریلیا سیریز کیلئے اب انتظار مشکل ہے، وقار یونس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی سیریز کے لئے اب انتظار نہیں ہورہا۔

ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں وقار یونس نے کہا کہ میں بہت پرجوش ہوں کہ آسٹریلیا کی ٹیم طویل عرصے کے بعد پاکستان آرہی ہے۔

وقار یونس نے ویڈیو پیغام میں پاکستان آسٹریلیا سیریز کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر اور کرکٹ آسٹریلیا سمیت آسٹریلیا کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا سیریز بہت مزے کی ہونے والی ہے اور بہت مشکل میچز دیکھنے کو ملیں گے۔

خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔

گزشتہ دنوں ہی پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔

دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید