• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واؤڈا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائینگے: شیخ رشید

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید —فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید —فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا فیصل واؤڈا کی نااہلی سے متعلق فیصلے کے حوالے سے کہنا ہے کہ فیصل واؤڈا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی اور سیاست ہے، نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی الگ سیاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بڑے بھائی نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہیں، سب سے اہم کیسز شہباز اور حمزہ کے ہیں، یہ کیسز مضبوط ہیں مگر ہم نتائج نہیں لا سکے۔

شیخ رشیدکا کہنا ہے کہ ہمارے طالبان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امید ہے کہ یہ افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے اپوزیشن سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ عدم اعتماد لا رہے ہیں، تو لائیں بھائی، آسٹریلیا کی ٹیم آ رہی ہے، او آئی سی ہے، آپ یہاں کیا کرنے آؤ گے؟

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اپنے بندوں کا خیال کرو، بندے آپ نے لانے ہیں، آپ عدم اعتماد کے لیے بندے نہیں لا سکتے، اگر بندے لانے ہوتے تو ساڑھے 3 سال پہلے لے آتے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ 23 مارچ کو بھی آتے دکھائی نہیں دیتے، اپوزیشن ہمیں کسی بل میں تو شکست نہیں دے سکی، البتہ وہ ہمارے اتحادیوں کے پاس جا رہی اور ان کے دروازے کھٹکھٹا رہی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت سچے، کھرے اور اصولی انسان ہیں، میرے بھائیوں جیسے ہیں، 8 دن میں پتہ لگ جائے گا کہ عدم اعتماد کی کیا صورتِ حال ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان مقابلہ کرنے والے آدمی ہیں، اپوزیشن کی 50 دن کی سیاست ہے، 50 دن بعد عمران خان اور مضبوط ہو جائیں گے، ان کے پاس سب سے مضبوط ہتھیار دیانت کا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان سرخرو ہوں گے، وہ انہیں (اپوزیشن کو) این آر او بھی نہیں دیں گے اور چھوڑیں گے بھی نہیں، عمران خان کی حکومت ایک منتخب حکومت ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں سارے لوگ ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، وراثتی سرٹیفکیٹ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے باشندوں کو دے رہے ہیں، میں خود بھی پنجگور جا رہا ہوں، سندھ میں نادرا کے 13 دفتر کھولنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے رینجرز، ایف سی، کوسٹ گارڈ اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، سول آرمڈ فورسز کی تنخواہوں میں 15 اضافہ ہوا ہے، تنخواہوں میں یہ اضافہ مارچ سے ملے گا، وزیرِ اعظم سے گزارش کی ہے کہ سویلین کی بھی تنخواہ بڑھائی جائے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ نیب کے عدالتوں میں کیسز نے بہت وقت لیا، ملک میں 70 کیسز میگا کرپشن کے ہیں، ان کا فیصلہ ہونا چاہیے، کوشش کریں گے کہ ڈیڑھ سال میں ان 70 میگا کیسز کا فیصلہ ہو جائے، ہم لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لا سکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی وزیرِ خارجہ کے ساتھ قیدیوں کی بات کی ہے، ویزہ آن لائن کیا ہے، 14 فروری کو ایران کے وزیرِ داخلہ پاکستان آئیں گے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ کل بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک لڑکی نے ہندوستان کی سیاست اور مسلمانوں کے ساتھ رویے کو بے نقاب کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید